چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، آرمی چیف


Samaa - Latest News

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، ملک کو دہشتگردی اور اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں، جس سے نمٹنے کیلئے تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 118ویں مڈشپ مین اور 26ویں شارٹ سروس کمیشن کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد ہوا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف کے پاکستان نیول اکیڈمی پہنچنے پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے استقبال کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، پاکستان کو دہشتگردی اور اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں، تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ میری ٹائم صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، نیوی کو پیشہ ورانہ مہارتوں اور جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تربیت مکمل کرنے والے ملکی اور دوست ممالک کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملیر گیریژن میں کراچی کور، رینجرز اور دیگر سی اے ایف کے افسران سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پیشہ ورانہ اور جدید جنگ کے تقاضوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے ان کا استقبال کیا۔

December 31, 2022 at 11:54PM Posted By Sama News : https://ift.tt/63luYSm

Comments