کراچی پولیس کاایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کرنیکادعویٰ


SAMAA

کراچی پولیس نے جمعرات کو سرجانی ٹاؤن میں چھاپے کے دوران ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ یہ دعویٰ ویسٹ زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی پی) ناصر آفتاب نے کیا ہے۔

کراچی کے غربی زون کے ڈی آئی جی پی ناصر آفتاب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سرجانی پولیس کی ٹیم نے ناردرن بائی پاس پر ایک کار روکی جس میں سے 16 کلو منشیات برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے تھانے منتقل کیا۔

ڈی آئی جی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ سرجانی ٹاؤن میں واقع ایک گھر میں منشیات اُتارنے جارہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی۔

ناصر آفتاب نے دعویٰ کیا کہ برآمد شدہ منشیات کا وزن 5.5 ٹن ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت ایک ارب ڈالر بنتی ہے، برآمد شدہ منشیات میں چرس، ہیروئن اور افیون (افیم) شامل ہیں۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے دعویٰ کیا کہ منشیات خالی گھر میں اُتاری گئی اور جسے کہیں اور منتقل کیا جانا تھا، پولیس نے گھر سے کیمیکل بھی برآمد کیا ہے جو منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔

تاہم، ناصر آفتاب منشیات کی اسمگلنگ کے کاروبار میں ملوث ریکیٹ سے مکمل طور پر بے خبر تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے گرفتار ملزم سے تفتیش شروع کردی ہے۔

ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد ہی پولیس یہ بتانے کی پوزیشن میں ہوگی کہ برآمد شدہ منشیات کہاں سے آئی اور کہاں منتقل کی جانی تھی۔

March 18, 2022 at 12:15AM Posted By Sama News : https://ift.tt/gLx0urF

Comments